فوٹو:گیٹی ایمجیز |
اسلام آباد(حقائق نیوز) : فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آج پورے ملک میں یومِ سوگ منایا جائے گا۔
فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم پر کل وزیراعظم کی زیرِصدارت حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
جس میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم، آئی پی پی، مسلم لیگ (ق)، مسلم لیگ ضیا اور نیشنل پارٹی کے راہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے متفقہ فیصلے کے مطابق آج ( 2-اگست ) نماز جمعہ کے بعد پورے ملک میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیےجلوس نکالا جائے گا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے فلسطین میں اسرائیل کے ریاستی ظلم و بربریت کو امت مسلمہ کے لیے المیہ قرار دیا۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں کی امداد تک فوری رسائی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس کے مطابق پارلیمنٹ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے شرکا نے فلسطین میں 9 ماہ سے جاری نہتے لوگوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کی مذمت اور نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
شرکاء نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی بربریت پر بین الاقوامی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، عالمی برادری کو مصلحت کے بجائے ظلم کی بربریت روکنےکے لیےدو ٹوک مؤقف اپنانا ہوگا۔
تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں